نئی دہلی 8دسمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اسمارٹ سٹی کے صرف منصوبے بننے اوراعلانات کاسلسلہ جاری ہے ۔یہ الگ بات ہے کہ اب تک ایک بھی اسمارٹ سیٹی سامنے نہیں آئی ہے۔ان منصوبوں میں شامل ہونے کے لئے مختلف شہروں کے درمیان جاری مقابلے کے اگلے مرحلے میں 10 شہروں کا اعلان اگلے سال جنوری میں کیا جائے گا ۔ شہری ترقی سیکرٹری ڈی ایس مشرا نے آج اسمارٹ سٹی اسکیم کے تحت چل ر ہے منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے منعقد قومی ورکشاپ میں اس کی اطلاع دی ۔نامہ نگاروں سے بات چیت میں مشرا نے بتایا کہ اس مرحلے کی مقابلے میں 20 شہروں کو اسمارٹ سٹی منصوبے میں شامل کرنا تھا ، ان میں سے پانچ شہروں کی پیشکش آخری تاریخ تک موصول نہیں ہو ئی تھی ، باقی 15 میں سے اسمارٹ سٹی منصوبے میں 10 شہروں کو شامل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کا سرکاری اعلان جنوری، 2018 کے آخر میں کیا جا ئے گا ۔قابل ذکر ہے کہ اسمارٹ سٹی منصوبے میں اب تک چار مراحل میں 90 شہروں کو شامل کیا جا چکا ہے۔وزارت کے ذرائع کے مطابق پانچویں مرحلے کی دوڑ میں مرکزی حکومت کی طرف سے تجویز 20 شہروں میں سب سے زیادہ سات شہر اتر پردیش سے، تین مغربی بنگال سے اور دو دو مہاراشٹر اور تمل ناڈو سے ہیں۔ دیگر ریاستوں نے بھی اس سلسلے میں اپنی اپنی درخواستیں بھیجی ہیں ۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ان میں سے مغربی بنگال کے ودھاننگر، درگاپر اور ہلدیا کے علاوہ میگھالیہ سے شیلانگ اور مہاراشٹر سے گریٹر ممبئی کی پیشکش نہیں ملی ۔اس کے علاوہ پیشکش بھیجنے والے شہروں میں اتر پردیش سے مرادآباد، میرٹھ، غازی آباد، بریلی، رام پور، سہارنپور، رائے بریلی، بہار سے بہار شریف ، اروناچل پردیش کے دارالحکومت اٹانگر، دادر شہر حویلی کے دارالحکومت سلواسا، دمن دیو سے دیو، لکش دیپ سے کاوارٹی ، مہاراشٹر سے امراوتی اور تمل ناڈو سے ایروڈ ڈینڈیگل شامل ہی۔ ان میں سے 10 شہروں کو پانچویں مرحلے میں شامل کیا جائے گا۔